جانوروں کا ہلدی سے دیسی علاج

آج کی اس تحریر میں آپکو جانوروں میں ہلدی کے کچھ ایسے زبردست استعمال کے طریقے بتائیں گے جن پر عمل کر کے آپ اپنے جانوروں سے زیادہ سے زیادہ فائدے حاصل کر پائیں گے۔

ہلدی قدرت کی ایک بےمثال تخلیق ہے جسکے اندر انسانوں اور جانوروں دونوں کے لیے ہی بےشمار طبی فوائد موجود ہیں۔ ہلدی ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک ہے جو جسم میں موجود بہت سے انفیکشنز کو ختم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہلدی ہر گھر میں ہی لازمی موجود ہوتی ہے یہ ہمارے کھانوں میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ ہلدی میں وٹامن سی ، پوٹاشیم ، میگانیز ، آئرن ، پروٹین ، کاربوہائیڈریٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

اب آتے ہیں اس طرف کہ جانوروں کے لیے ہلدی کے کیا فوائد ہیں اور ہم مختلف صورتوں میں اسکا درست استعمال کر کے کیسے اس سے فائدے حاصل کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے تو وہ جانور جو بار بار رپیٹ ہو رہے ہوں انکو ہلدی استعمال کروانے کا طریقہ بتانے جا رہا ہوں۔ سب سے پہلے تو یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ جانور بار بار رپیٹ کیوں ہوتے ہیں تو اسکی ایک بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ جانور کی بچہ دانی میں کسی بھی طرح کا انفیکشن یا سوزش ہو جاتی ہے جسکی وجہ سے جانور گھبن نہیں ہوتے اس طرح فارمر کا وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتے ہیں اور فارمر تنگ آ کر جانور کو سستے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

اس صورتحال میں ہلدی کا استعمال بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے کیونکہ ہلدی میں وٹامن سی پایا جاتا ہے جو انفیکشن کو ختم کرتا ہے اور ہر طرح کی سوزش کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔ اگر آپ پانچ سے چھ دن تک 1 سے 2 چمچ ہلدی اپنے جانور کو استعمال کروائیں تو انشاءاللہ اسکا انفیکشن ختم ہو جائے گا اور جانور رپیٹ نہیں ہوگا۔ ہلدی استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ روٹی پر ہلکا سا گھی لگائیں اور اس روٹی میں 2 چمچ ہلدی لپیٹ کر اپنے جانور کو کھلا دیں اور پانچ سے چھ دن تک اسی عمل کو دہرائیں انشاء اللہ آپکو اسکا بہت اچھا رزلٹ ملے گا۔

اسکے علاؤہ ہلدی کا استعمال اس صورت میں بھی کر سکتے ہیں جس میں اگر جانور کو کوئی چوٹ لگ جائے تو آپ اسکے زخم پر سرسوں کا تیل اور ہلدی مکس کر کے لیپ کر دیں انشاءاللہ زخم میں کوئی انفیکشن بھی نہیں ہوگا اور زخم جلدی بھر جائے گا۔

اگر جانور کے منہ میں چھالے یا زخم ہو جائیں تو اس صورت میں بھی ہلدی اور سرسوں کا تیل مکس کر کے جانور کے منہ میں لگا دیں انشاءاللہ جانور ٹھیک ہو جائے گا۔ اگر جانور کے جسم پر کسی بھی طرح کی سوزش ہو تو اس سوزش والی جگہ پر ہلدی اور پھٹکڑی مکس کر کے باندھ دیں انشاءاللہ ایک سے دو دن میں بہتری محسوس ہونے لگے گی۔ اگر جانور کو کسی بھی طرح کی اندرونی چوٹ آ جائے یا اسکے جسم میں درد ہو تو ایسی صورت میں تھوڑی سی ہلدی اور گڑ کو دودھ میں گرم کر کے نیم گرم جانور کو پلائیں اس سے جانور تندرست ہو جائے گا۔

اگر جانور کے تھنوں سے خون آ رہا ہو تو پچاس گرام ہلدی اور پچاس گرام میٹھا سوڈا ایک لیٹر دودھ میں مکس کر کے جانور کو پلا دیں اور تین دن تک مسلسل یہی عمل دہرائیں انشاءاللہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔

ہلدی کے باقاعدگی سے استعمال کی وجہ سے جانوروں کے پیٹ میں کیڑے بھی ختم ہو جاتے ہیں یہ ایک نیچرل ڈیورمر کے طور پر بھی استعمال کی جاتی ہے۔ ہلدی صرف بیمار جانوروں کو ہی نہیں دینی چاہیے بلکہ صحت مند جانوروں کو بھی ہفتے میں دو بار لازمی ہلدی دینی چاہیے تاکہ وہ ہر طرح کے انفیکشن سے محفوظ رہیں کیونکہ ہلدی جسم میں قوتِ مدافعت کو بڑھاتی ہے۔ ہلدی ہاضمے کے نظام کو بہتر کرتی ہے۔ جسم سے فاسد مادوں کے اخراج میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اسکے علاؤہ جِلد کے بہت سے مسائل سے بھی چھٹکارا دلاتی ہے۔

جانور کے منہ اور ناک سے ہر وقت پانی بہہ رہا ہو تو اس صورت میں بھی ہلدی کا استعمال بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ وائی بادی کی شکایت کو بھی دور کرتی ہے اور جانوروں کے دودھ میں اگر smell آتی ہو تو اس کو بھی ٹھیک کرتی ہے۔ ہلدی کے بےشمار فوائد ہیں جنکو ایک تحریر میں بیان کرنا ممکن نہیں یہ کچھ موٹی موٹی باتیں تھیں جو آپ تک پہنچا دی ہیں باقی جب آپ اپنے جانوروں میں ہلدی کا استعمال شروع کریں گے تو آپ خود حیران ہو جائیں گے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرینگے کہ اس نے ہمارے لیے کتنی قیمتی اور مفید چیزیں پیدا کی ہیں۔

One Reply to “جانوروں کا ہلدی سے دیسی علاج”

  1. This is your amazing blog and great work about Maweshi Mandi, Cow Mandi and, Bakra Mandi
    اپ کا یہ بلاگ بہت ہی اچھا ہے اور کافی فایدہ دیتا ہے، ہمیں مویشیوں کے حوالے سے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.